سیرت حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ قسط نمبر 1 نام و نسب 0

سیرت حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ قسط نمبر 1 نام و نسب

سیرت حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ
قسط نمبر 1
نام و نسب

آپ رضی اللہ عنہ کا نام عثمان ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی کنیت ابو عبد اللہ اور ابو عمرو ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا لقب ذوالنورین ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کے والد کا نام عفان ابن ابی العاص ہے اور والدہ کا نام اروی بنت کریز ہے۔

ذوالنورین کی وجہ تسمیہ
حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے لقب ذوالنورین کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دو صاحبزادیاں آپ رضی اللہ عنہ کے نکاح میں آئیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا نکاح پہلے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا سے ہوا اور ان کے وصال کے بعد حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی دوسری صاحبزادی حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا کا نکاح آپ رضی اللہ عنہ سے کیا۔ حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا کے وصال کے بعد حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اگر میری کوئی اور بیٹی ہوتی جس کا میں نکاح کرتا تو میں اس کا نکاح عثمان (رضی اللہ عنہ) کے ساتھ ہی کرتا۔
سنن بیہقی میں منقول ہے کہ حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے علاوہ کبھی کسی نبی کی دو بیٹیاں ایک شخص کے نکاح میں نہیں آئیں اور یہی وجہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کو ذوالنورین یعنی دو نوروں والا کہا گیا ہے۔

حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی کنیت
زمانہ جاہلیت میں حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی کنیت ابو عمر تھی۔ جب آپ رضی اللہ عنہ نے اسلام قبول کیا اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا سے نکاح ہوا تو ان کے بطن سے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے جن کے نام سے آپ رضی اللہ عنہ کی کنیت ابو عبد اللہ مشہور ہوئی۔

سلسلہ نسب
حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب عبد مناف پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جاملتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا والد کی طرف سے سلسلہ نسب حسب ذیل ہے۔
عثمان (رضی اللہ عنہ) بن عفان بن ابو العاص بن امیہ بن عبد شمس بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوی بن غالب۔
حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا والدہ کی طرف سے سلسلہ نسب حسب ذیل ہے۔
اروی بنت کریز بن ربیعہ بن حبیب بن عبد شمس بن عبد مناف۔
حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی نانی ام حکیم البیضاء حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے والد ماجد حضرت سیدنا عبد اللہ رضی اللہ عنہ کی سگی بہن تھیں، اس طرح اس رشتے سے حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی والدہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی زاد بہن تھیں۔

اس پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں