سیرت حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ
قسط نمبر 1
نام و نسب
دریائے محبت کے غریق، سرہنگ اہل ایمان سیدنا ابو حفص عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ ہیں دوسرے خلیفہ اور جانشین حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا نام عمر اور لقب فاروق ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی کنیت ابو حفص ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا شمار عشرہ مبشرہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں ہوتا ہے جنہیں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی حیات میں ہی جنت الفردوس کی بشارت دی تھی۔ حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا خاندان اپنی ذاتی و خاندانی وجاہت کے اعتبار سے نہایت ممتاز اور بلند مرتبہ کا حامل تھا۔
حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب آٹھویں پشت میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جا ملتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب حسب ذیل ہے:
عمر بن خطاب (رضی اللہ عنہ) بن نفیل بن عبد العزی بن رباح بن عبد اللہ بن قرط بن زراح بن عدی بن کعب بن لوئی۔
حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی والدہ کا نام حتمہ بنت ہشام بن مغیرہ ہے۔ ایک اور روایت کے مطابق آپ رضی اللہ عنہ کی والدہ کا نام حتمہ بنت ہشام بن مغیرہ بن عبداللہ بن عمر بن محزوم ہے۔
حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی ولادت با سعادت واقعہ فیل کے تیرہ برس بعد مکہ مکرمہ میں ہوئی۔