سیرت النبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
قسط نمبر 69
عنوان: یہودیوں کے خلاف پہلا جہاد
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس واقعے کی اطلاع ہوئی تو آپ نے یہودیوں کو جمع کر کے ان سے فرمایا۔ اے یہودیو۔تم اللہ تعالٰی کی طرف سے ایسی تباہی سے بچنے کی کوشش کرو جیسی بدر کے موقع پر قریش پر نازل ہوئی ہے، اس لیے تم مسلمان ہو جاؤ، تم جانتے ہو کہ میں اللہ کی طرف سے بھیجا ہوا رسول ہوں اور اس حقیقت کو تم اپنی کتاب میں درج پاتے ہو۔ اس پر یہودیوں نے کہا۔ اے محمد، آپ شاید یہ سمجھتے ہیں کہ ہم بھی آپ کی قوم کی طرح ہیں، اس دھوکے میں نہ رہیے گا، کیونکہ اب تک آپ کو ایسی قوموں سے سابقہ پڑا ہے جو جنگ اور اس کے طریقے نہیں جانتے۔ لہذا آپ نے انہیں آسانی سے زیر کر لیا، لیکن اگر آپ نے ہم سے جنگ کی تو خدا کی قسم آپ کو پتا چل جائے گا کہ کیسے بہادروں سے پالا پڑا ہے۔ ان کے یہ الفاظ کہنے کی دراصل وجہ یہ تھی کہ یہ لوگ جنگجو اور عسکری فنونِ کے بہت ماہر تھے۔ پھر یہودیوں میں سب سے زیادہ دولت مند تھے، ہر قسم کا بہترین اسلحہ ان کے پاس تھا۔ان کے قلعے بھی بہت مضبوط تھے۔ ان کے الفاظ پر اللہ تعالٰی کی طرف سے سورۃ آل عمران کی آیت نازل ہوئی۔ ترجمہ: اے نبی آپ ان سے کہہ دیجئے کہ بہت جلد تم (مسلمانوں کے ہاتھوں) شکست کھاؤ گے اور آخرت میں جہنم کی طرف جمع کر کے لے جائے جاؤ گے اور وہ جہنم بہت برا ٹھکانہ ہے۔ اس دھمکی کے بعد بنی قینقاع قلعہ بند ہو گئے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ ان کے قلعوں کی طرف روانہ ہوئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پرچم اس غزوہ میں سفید رنگ کا تھا اور حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں تھا۔ ان کے قلعوں کی طرف روانہ ہونے سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو لبابہ رضی اللہ عنہ کو مدینہ منورہ میں اپنا قائم مقام مقرر فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہودی بستیوں کا محاصرہ کر لیا۔یہ محاصرہ بہت سخت تھا۔ پندرہ دن تک جاری رہا۔آخر اللہ تعالٰی نے ان یہودیوں کے دلوں میں مسلمانوں کا رعب طاری کر دیا۔ وہ اس محاصرے سے تنگ آگئے، حالانکہ ان یہودیوں میں اس وقت تقریباً 700 جنگجو تھے۔ اب انہوں نے درخواست کی کہ ہم یہاں سے نکل کر جانے کے لیے تیار ہیں، شرط یہ ہے کہ انہیں نکل جانے کا راستہ دے دیا جائے۔ اس صورت میں وہ یہاں سے ہمیشہ کے لیے چلے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہماری عورتیں اور بچوں کو بھی جانے دیا جائے۔ مال و دولت اور ہتھیار وغیرہ وہ یہیں چھوڑ جائیں گے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی یہ بات منظور فرما لی اور انہیں نکل جانے کا راستہ دے دیا۔ اس طرح مسلمانوں کے ہاتھ بے تحاشا مال غنیمت آیا۔ یہودیوں کو مدینہ منورہ سے نکل جانے کے لیے تین دن کی مہلت دی گئی۔ یہ لوگ وہاں سے نکل کر ملک شام کی ایک بستی میں جا بسے۔ ایک روایت کے مطابق ایک سال بھی نہیں گزرا تھا کہ وہ سب کے سب ہلاک ہو گئے۔ یہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بد دعا کا اثر تھا۔ غزوہ قینقاع کے بعد چند چھوٹے چھوٹے غزوات اور ہوئے۔ کچھ دنوں بعد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اللہ عنہا سے اور پھر حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا سے نکاح فرمایا۔ حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کا پہلا نکاح زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا۔ یہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے منہ بولے بیٹے تھے۔ ان دونوں میں نبھ نہ سکی، لہٰذا طلاق ہوگئی اور اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے نکاح فرمایا۔ یہ نکاح اللہ تعالیٰ نے آسمان پر فرمایا تھا اور اس بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہوئی تھی جب وحی نازل ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا زینب کو جاکر خوشخبری سنادو،اللہ تعالٰی نے آسمان پر ان سے میرا نکاح کردیا ہے۔ اس بارے میں اللہ تعالی نے سورہ احزاب میں آیت بھی نازل فرمائی، تاکہ لوگ شک و شبہ نہ کریں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے منہ بولے بیٹے کی طلاق شدہ بیوی سے نکاح کیا ہے۔ دراصل عرب کے جہالت زدہ معاشرے میں منہ بولے بیٹے کو حقیقی بیٹے کی طرح محرم سمجھا جاتا تھا اور اس کی طلاق شدہ بیوی سے شادی ناجائز سمجھی جاتی تھی، ساتھ ساتھ اسے وراثت میں بھی حصہ ملتا تھا۔ اسلام نے اس فرسودہ رسم کو بالکل ختم کردیا اس کی ابتدا حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ رضی اللہ عنہم کو دعوت ولیمہ بھی کھلائی۔ اسی روز پردے کی آیت نازل ہوئی۔ 3ھ میں غزوہ احد پیش آیا۔ احد پہاڑ مدینہ منورہ سے دو میل کے فاصلے پر ہے۔ اس پہاڑ کے بارے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے یہ احد ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں۔ جب تم اس کے پاس سے گزرو تو اس کے درختوں کا پھل تبرک کے طور پر کھا لیا کرو، چاہے تھوڑا سا ہی کیوں نہ ہو۔ غزوہ احد کیوں ہوا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ غزوہ بدر میں کافروں کو بدترین شکست ہوئی تھی۔ کافر جمع ہوکر اپنے سردار حضرت ابوسفیان رضی اللہ عنہ کے پاس آئے اور ان سے کہا بدر کی لڑائی میں ہمارے بے شمار آدمی میں قتل ہوئے ہیں۔ ہم ان کے خون کا بدلہ لیں گے، آپ تجارت سے جو مال کما کر لاتے ہیں، اس مال کے نفع سے جنگ کی تیاری کی جائے۔ حضرت ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے ان کی بات منظور کرلی اور جنگ کی تیاریاں زورشور سے شروع ہوگئیں۔ کہا جاتا ہے کہ سامانِ تجارت سے جو نفع ہوا تھا، وہ پچاس ہزار دینار تھا۔ غزوہ بدر میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوحمزہ شاعر کو فدیہ لیے بغیر رہا کردیا تھا اور اس سے اقرار لیا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف شعر نہیں کہے گا، اب جب جنگ کی تیاریاں شروع ہوئیں تو لوگوں نے اس سے کہا تم اپنے اشعار سے جوش پیدا کرو۔ پہلے تو ابوحمزہ نے انکار کیا، کیونکہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے وعدہ کر آیا تھا، لیکن پھر وعدہ خلافی پر اتر آیا اور اشعار پڑھنے لگا۔ آخر قریشی لشکر مکہ معظمہ سے نکلا اور مدینہ منورہ کی طرف روانہ ہوا۔ قریش کے لشکر میں عورتیں بھی تھیں۔ عورتیں بدر میں مارے جانے والوں کا نوحہ کرتی جاتی تھیں۔ اس طرح یہ اپنے مردوں میں جوش پیدا کررہی تھیں، انہیں شکست کھانے یا میدان جنگ سے بھاگ جانے پر شرم دلا رہی تھیں۔ قریش کی جنگی تیاریوں کی اطلاع حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے بھیجی۔ انہوں نے یہ اطلاع ایک خط کے ذریعے بھیجی۔ خط لے جانے والے نے تین دن رات مسلسل سفر کیا اور یہ خط آپ صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت قبا میں تھے۔