0

سیرت حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ قسط نمبر 27 قرآن مجید کو جمع کرنا

سیرت حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ

قسط نمبر 27

قرآن مجید کو جمع کرنا

صحیح بخاری میں حضرت زید رضی اللہ عنہ بن ثابت سے روایت ہے کہ جنگ یمامہ کے موقع پر حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے میری جانب ایک قاصد کے ہاتھ پیغام بھیجا کہ میرے پاس اس وقت عمر فاروق (رضی اللہ عنہ) بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ جنگ کے دوران بے شمار حفاظ شہید ہو گئے ہیں اور اگر اسی طرح جنگوں میں حفاظ کرام شہید ہوتے رہے تو قرآن مجید کے ایک بہت بڑے حصے کے ضائع ہونے کا خطرہ ہے اس لئے ان کی رائے یہ ہے کہ میں قرآن کریم کو جمع کروں۔

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے کہا: میں وہ کام نہیں کر سکتا جو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں نہیں کیا۔ پھر اللہ عز وجل نے اس کار خیر کے لئے میرا سینہ کھول دیا اور میری رائے بھی حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ والی بن گئی۔ تم نوجوان ہو اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب وحی بھی ہو اس لئے تم قرآن کو جمع کرو۔

حضرت زید رضی اللہ عنہ بن ثابت فرماتے ہیں کہ اللہ کی قسم! اگر مجھے پہاڑ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا جاتا تو میں اسے قرآن مجید جمع کرنے سے زیادہ آسان سمجھتا۔ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے مجھ سے فرمایا کہ یہ کار خیر ہے اور پھر اللہ عز وجل نے میری رائے وہی کر دی جو حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تھی۔ میں نے کھجور کے پتوں کپڑے کے ٹکڑوں پتھر کے ٹکڑوں اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے سینوں سے قرآن مجید اکٹھا کیا۔ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے وصال کے بعد یہ صحیفے ان کے پاس محفوظ رہے جو بعد ازاں حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے سپرد ہوئے اور حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد یہ حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچے جنہوں نے اس کی نقلیں کروا کر مختلف علاقوں میں بھیجیں۔

حضرت زید رضی اللہ عنہ بن ثابت کو قرآن مجید جمع کرنے کا حکم حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اس لئے دیا کہ وہ کاتب وحی تھے اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر وحی انہوں نے تحریر فرمائی تھی اس کے علاوہ وہ حافظ بھی تھے اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو قرآن مجید سنایا کرتے تھے تا کہ اگر وہ کوئی غلطی کریں تو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ان کی اصلاح فرمادیں۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال سے کچھ روز قبل ہی حضرت زید رضی اللہ عنہ بن حارث نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سارا قرآن پاک سنایا اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ رضی اللہ عنہ کی تعریف فرمائی۔

قرآن مجید کو جمع کرنا حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا ایک عظیم الشان کارنامہ ہے جس کی وجہ سے رہتی دنیا تک ہر مسلمان کو قرآن مجید پڑھنے میں آسانی ہو گئی۔ قرآن مجید کو پہلی مرتبہ کتابی شکل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ہی دی تھی۔

اس پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں