سیرت حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ
قسط نمبر 28
تدوین حدیث
حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ نے اپنے مختصر دور خلافت میں قرآن مجید کو اکٹھا کرنے کے علاوہ تدوین حدیث کا کام بھی سر انجام دیا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی خلافت کے مختصر عرصہ میں حدیث کا ایک مجموعہ تیار کیا جس میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مستند پانچ سو احادیث موجود تھیں۔ آپ رضی اللہ عنہ نے احادیث کا یہ مجموعہ اپنی بیٹی اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے سپرد کیا تھا۔
حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے تدوین حدیث میں نہایت احتیاط سے کام لیا اور اس مجموعہ حدیث کو اپنی بیٹی اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے سپرد کرتے ہوئے انہیں نہایت احتیاط سے رکھنے کا حکم دیا۔
روایات میں آتا ہے کہ جب آپ رضی اللہ عنہ نے احادیث کا یہ نسخہ اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو دیا تو اس رات ان کے ہاں قیام فرمایا اور تمام رات کروٹیں اس خوف سے بدلتے رہے کہ کہیں کسی حدیث کے تحریر کرنے میں کوئی کوتاہی نہ رہ گئی ہو۔ اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے جب حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی اس کیفیت کے متعلق پوچھا گیا تو آپ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ مجھے اول یہ معلوم ہوتا تھا کہ شاید آپ رضی اللہ عنہ سخت بیمار ہیں اور اس بے چینی میں کروٹیں بدل رہے ہیں۔